اس دارالعلوم میں مقامی طلبہ کے علاوہ بیرونی طلبہ بھی کافی تعداد میں زیر ِتعلیم ہیں ، ان کے قیام و طعام اورزیر ِ درس کتابوں کا انتظام ادارہ کی طرف سے کیا جاتاہے ۔ اس کے لیے دارالعلوم میں” مطبخ“ اور ” لائبریری “ کا قیام بھی عمل میں آچکاہے ، مگر یہ انتظامات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں جوادارہ کی ضروریات کے لحاظ سے ناکافی ہیں ۔
اسی طرح اگر کوئی طالب علم کبھی بیمار ہوجاتاہے تو اس کے دوا و علاج کا خرچ بھی ادارہ ہی برداشت کرتاہے ۔اس کے لیے بعض مقامی ڈاکٹروں سے رابطہ ہے جنھیں بوقت ضرورت ادارہ میں بلالیا جاتاہے ،یا ان ہی کے پاس طلبہ کو بھیج کر علاج کرایا جاتاہے ۔
اس ادارہ کا ایک اہم شعبہ’’شعبۂ دعوت و تبليغ ‘‘ بھی ہے ، اس كے لیے اساتذہ قرب و جوار كی آبادیوں کا دورہ کرتے ہیں ، عوام کو دینی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انھیں دارالعلوم سے جوڑنے کی بھی کوشش کرتے ہیں۔
اس ضمن میں دینی ، اخلاقی اور اسلامی معلومات پر مشتمل کتابچے اور رسائل کی طباعت و اشاعت بھی اس کے منصوبوں میں شامل ہے ، اور بحمدہ تعالیٰ اس شعبہ کے زیر ِ اہتمام پہلی کتاب بنام ’’ آدابِ بندگی ‘‘ از مولانا اختر القادری کتابت و طباعت کے مراحل سے گزر کر منظر عام پر آچکی ہے ۔